فدک

فدک

(0 پسندیدگی)

QRCode

(0 پسندیدگی)

فدک

کتاب ھٰذا "فدک تاریخ کی روشنی میں" مسئلۂ فدک پر حضرت آیت اللہ شہید سید محمد باقر الصدر کی ایک لافانی، اچھوتی اور منفرد تالیف ہے جس میں شہید صدر رضوان اللہ علیہ نے دخترِ رسولؐ حضرت فاطمۃالزھرا صلوات اللہ علیہا کے موقف کے اثبات کے ساتھ ساتھ اس مسئلے کی اہمیت اور ان مقاصد و اہداف پر تجزیہ و تحلیل کیا ہے جو مسئلۂ فدک کو اس قدر شدّو مدّ سے اٹھانے کے پس پردہ موجود تھے خصوصاً مطالبۂ فدک کے پسِ پردہ موجود سب سے اہم مقصد اہلبیتؑ کے وارث و خلیفۂ رسولؐ ہونے اور اس طرح دخترِ رسولؐ کی جانب سے غصبِ خلافت کو برملا کرنے کے اقدام کو صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔

پیش نظر کتاب فدک کے موضوع پر لکھی گئی ایک انتہائی دلچسپ اور گہری تحریر ہے، ایک ایسے مسئلے کو گہرائی سے روبرو کرواتی جو اسلامی تاریخ کی مشکل ترین بحثوں میں شامل اور جہاں متصادم جذبات اس کے سائے میں جمع ہیں۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اس تحقیقی کتاب کی تصنیف کے وقت شہید صدر اپنی زندگی کے دوسرے عشرے کے وسط میں تھے یعنی آپ کی عمر ۱۳سال تھی۔ کتاب کی تاریخی،  فقہی اور فلسفیانہ امور میں گہرائی اور درستگی حیران کن ہے جو کہ شہید صدر کے ذی شعور ہونے اور علمی شخصٰت ہونے کی گواہی دینے کے لئے کافی ہے۔

آیت الله علامه سیدعبدالحسین شرف الدین (صاحب کتاب شریف المراجعات) کے بیٹے کہتے ہیں کہ علامه شرف الدین نے اس کتاب کا مطالعہ کرنے کے بعد کہا: "میں خدا کی قسم کھاتا ہوں کہ وہ مجتہد ہے"۔

کتاب پانچ ابواب پر مشتمل ہے:

۱۔ انقلابی مناظر: (عَلی مَسْرَحِ الثّورَة):شہید صدر نے اس باب میں، رحلت پیغمبر اعظمؐ کے بعد حضرت زھراؑ کے مطالبۂ فدک کو ایک عظیم انقلاب سے تعبیر کیا ہے جو اپنی تمام تر وسعتوں کے ساتھ تاریخ کے صفحات پر اپنے نقوش ثبت کئے ہوئے ہے اور پھر آگے چل کر اس انقلابی قیام کی بہت ہی خوبصورت انداز میں منظر کشی کی ہے۔

۲۔ فدک: (فَدَك بِمَعْناهَا الْحَقيقی وَ الرّمْزی):یہ باب فدک کی جغرافیائی خصوصیات اور اس کی سیاسی تاریخ پر مشتمل ہے اور خلفاء اور اہل بیتؑ کے مابین اس کے تبادلے کے بارے میں بات کی گئی ہے۔

۳۔ تاریخ انقلاب: (تاريخُ الثّوْرَة): شہید صدر نے خلفاء کی حضرت علیؑ کے ساتھ سیاسی رقابت اور خلفاء کی امویوں کو برسرِ خلافت لانے والی چالوں کی وضاحت پیش کی ہے۔

۴۔ اقتباسات: (قَبَسات مِنَ الْكَلام الْفاطِمی): اس باب میں حضرت زهرا(س) کے خطبے کے بعض حصے کا تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔

۵۔ مقدمہ فدک: (مَحْكَمَةُ الْكِتاب) ولایت کے دفاع کے لیے حضرت زهرا(س) کا قرآن مجید کو بطور استدلال پیش کرنے کا ماجرا اس آخری باب کی زینت ہے۔

پیش نظر کتاب کو اردو کے قالب میں علامہ ذیشان حیدر جوادی نے ڈھالا ہے جو کہ ایک بارعصمہ پبلیکشن،کراچی سے شائع ہوئی ہے جو کہ ابھی آپ کے سامنے ہے اور ایک بار دار الثقافۃ الاسلامیہ پاکستان نے شائع کیا ہے، خداوندِعالم ہمیں اس کتاب کو پڑھ کر سمجھنے اور اس کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کا تعیّن کرنے اور ان سے عہدہ برآ ہونے کی توفیق عطافرمائے۔